صنعاء ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر یمن نے آج کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی سے متاثرہ ملک ہے۔ اس کا برآمد کنندہ نہیں۔ پیرس میں حملہ کرنے والے بندوق برداروں میں سے ایک کی تربیت یمن کی القاعدہ شاخ میں ہونے کا انکشاف ہونے کے بعد انہوں نے بیان دیتے ہوئے یہ تبصرہ کیا لیکن صدر عبدالرب منصور ہادی نے فرانسیسی سفیر ژاں مارک گروز گورین سے آج کہا کہ یمن 1998 ء سے جہادی تشدد کا شکار رہا ہے جبکہ عسکریت پسندوں نے مغربی سیاحوں کو گولی مارکر ہلاک کردیا تھا اور 4 سیاحوں کو یرغمال بنالیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم توثیق کرتے ہیں کہ یمن بیرونی ممالک سے درآمد کردہ دہشت گردی سے عظیم مصائب بھگت چکا ہے لیکن کچھ لوگ ہمیں ہی دہشت گردی کا برآمد کنندہ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے فرانسیسی عوام کے ساتھ اور گزشتہ ہفتہ کے مہلوکین کے ارکان خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور کہا کہ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ دہشت گردی کسی بھی ملک کو دوسرے ملک سے اور کسی بھی مذہب کو دوسرے مذہب سے مختلف نہیں سمجھتی۔