یمنی فوج نے الحدیدہ میں ایرانی ساختہ تیسرا ڈرون طیارہ مار گرایا

صنعا ۔30 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) یمنی فوج نے کل حوثیوں کا ایک اور ایرانی ساختہ ڈرون طیارہ جنوبی الحدیدہ کے الدریھمی ڈاریکٹوریٹ میں مار گرایا گیا۔حوثی ڈرون طیارے کے ذریعے سرکاری فوج کی تنصیبات کی جاسوسی کررہے تھے۔ تباہ ہونے والے طیارے کے ملبے سے پتا چلا ہے کہ اسے ایران میں تیار کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ یمن میں جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے ایرانی ڈرون طیارے جنگ کے دوران حملوں کیلئے بھی استعمال کئے جاسکتے ہیں۔ گذشتہ چند روز کے دوران ایرانی ساختہ ڈرون کو مار گرانے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

یمنی فوج کا حبل بندرگاہ پرقبضہ، حوثی باغی فرار
صنعا۔30 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) یمن کی اہم بندرگاہ حبل پر سرکاری فوج اور عرب اتحادی فوج نے قبضہ کرتے ہوئے حوثی باغیوں کو نکال باہر کیا ہے۔یمن کی سرکاری فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حبل بندرگاہ کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے بری فورس کو عرب اتحادی فوج کی فضائیہ کی مدد حاصل تھی۔ سرکاری فوج نے ایران نواز حوثیوں کے ساتھ گھمسان کی لڑائی کے بعد حیران ڈاریکٹوریٹ کے زیرانتظام حبل بندرگاہ کا کنٹرول حاصل کرلیا۔ آپریشن میں حوثی باغیوں کی بڑی تعداد فرار ہوگئی جب کہ متعدد جنگجوؤں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ فوج کو بندرگاہ کا کنٹرول حاصل کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ہاتھ لگا ہے جبکہ تین کشتیاں اور کئی فوجی گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی ہیں ۔