صنعا ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) یمن کے شمالی علاقے میں آج منگل کو یمنی فوجیوں اور شیعہ حوثی باغیوں کے مابین ہونے والی مسلح جھڑپوں میں 11 فوجی اور 14 باغی ہلاک ہو گئے ہیں۔ یمن کے شہر امران کے مغربی مضافاتی علاقے میں ہونے والے اس تازہ ترین تصادم میں درجنوں جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس بارے میں تفصیلات امران کے ایک اسپتال کے طبّی عملے نے فراہم کی ہیں۔ قبل ازیں ایک عہدیدار نے کہا تھا کہ باغیوں نے اس علاقے میں قائم ایک فوجی پوسٹ پر حملہ کیا تھا، جس کے بعد مسلح جھڑپیں شروع ہوئیں۔ امران شہر میں باغیوں نے یمنی فوج کے خلاف مسلح پریڈ بھی کی۔ یہ اس علاقے میں اپنی موجودگی منوانا چاہتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق امران شہر میں صورتحال کشیدہ ہے۔
عراقی الیکشن: مالکی کا اتحاد کامیاب مگراکثریت کے حصول میں ناکام
بغداد ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عراق کے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے مطابق وزیر اعظم نوری المالکی کا سیاسی اتحاد نئی پارلیمان میں سب سے بڑی سیاسی طاقت تو بن گیا ہے لیکن وہ حکومت سازی کیلئے درکار اکثریت حاصل نہیں کر سکا۔ مالکی کے اتحاد کو 328 رکنی ایوان میں 92 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔ دو مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے والے مالکی تیسری مرتبہ بھی اس عہدے کیلئے امیدوار ہیں تاہم ان کے اتحاد کو حکومت سازی کیلئے مزید کم از کم 73 ارکان کی حمایت درکار ہے۔ نئی پارلیمان میں دوسرا بڑا گروپ شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر سے وابستگی رکھنے والا سیاسی اتحاد الاحرار ہے اور اُسے 34 سیٹیں ملی ہیں۔