یمنی صدر کے چیف آف اسٹاف کا اغوا، عہدیداروں کا بیان

صنعا ، 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بندوق برداروں نے چیف آف اسٹاف برائے صدر یمن کو آج دارالحکومت صنعا کے وسطی علاقہ سے اغوا کرلیا، سکیورٹی عہدیداروں نے یہ بات کہی، جس سے عرب دنیا کے اس غریب ملک میں جاری بدامنی کھلے طور پر اجاگر ہوتی ہے۔ احمد عود بن مبارک کا اغوا ایسے وقت ہوا ہے جبکہ یمن بدستور شیعہ حوثی باغیوں کی گرفت میں ہے اور وقفے وقفے سے القاعدہ حملوں نے حالت دگرگوں بنا رکھی ہے۔ عہدیداروں نے کہا کہ بندوق برداروں نے احمد عود اور اُن کے دو گارڈز کو وسطی صنعا میں اُن کی کار کو روک کر اغوا کرلیا ۔ ابھی تک تاوان کا کوئی مطالبہ سامنے نہیں آیا ہے۔ یمن کے نوجوان ترین سیاست دانوں میں شامل 46 سالہ تاجر سے سیاسی شخصیت بننے والے احمد عود اُس بغاوت کے دوران ابھر آئے جس نے طویل عرصہ حکمرانی کرنے والے لیڈر علی عبداللہ صالح کو امریکہ کی تائید والے معاہدہ میں سبکدوشی پر مجبور کیا تھا۔ عہدیداروں کو شبہ ہے کہ اغواکار شیعہ حوثی باغی ہوسکتے ہیں۔