یمنی حکومت کیخلاف پُرتشدد احتجاج میں شدت، جھڑپ میں 12 ہلاک

صنعا، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) یمن میں حکومت کے خلاف جاری شیعہ حوثی قبائل کا احتجاج اپنے تیسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں پرتشدد احتجاجی مظاہروں کا خدشہ بھی دیکھا جا رہا ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق دارالحکومت صنعا میں حوثیوں نے گزشتہ روز بھی اپنا احتجاج جاری رکھا جبکہ آرمی کی حمایت والے یمنی قبائلیوں اور حوثی باغیوں کے درمیان کل شب کی شدید جھڑپوں میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ احتجاجیوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف ان کا احتجاج اب تیسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ ان کے جائز مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو وہ احتجاج کا دائرہ مزید بڑھا سکتے ہیں۔ دوسری جانب ملک کے طول عرض میں حوثیوں کی حمایت اور مخالفت میں بھی جمعہ کو احتجاجی جلوس نکالے گئے۔