صنعا ۔ 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کویت کی میزبانی میں گذشتہ کئی ماہ سے یمنی حکومت اور باغیوں کے درمیان جاری امن مذاکرات کی کوششیں ایک بار پھر لیت و لعل میں پڑ گئی ہیں۔ یمنی باغیوں کی جانب سے یک طرفہ طور پر ملک کا نظم ونسق چلانے کے لیے سیاسی کونسل کی تشکیل کے اعلان پر حکومت نے سخت احتجاج کرتے ہوئے مذاکرات سے علحدگی کا اعلان کیا ہے۔ کویت میں جاری مذاکرات میں حکومتی ٹیم کے سربراہ عبداللہ العلیمی نے کل جمعرات کو ایک نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ باغیوں کی جانب سے یک طرفہ اور متوازی سیاسی کونسل کی تشکیل کے اعلان کے بعد مذکرات جاری رکھنے کا کوئی معقول سبب باقی نہیں رہا ہے۔ اس لیے حکومتی وفدہفتے کے روز سے کویت سے نکل جائے گا۔ انہوں نے باغیوں کی جانب سے سیاسی کونسل کی تشکیل کے اعلان کو تکبر، عالمی اداروں بالخصوص اقوام متحدہ کی قراردادوں کی توہین اور ملک میں جاری شورش کو ختم کرنے کیلئے طے پائے معاہدوں کو بائی پاس کرنے کی گھناؤنی کوشش قرار دیا۔ عبداللہ العلیمی نے کویت حکومت کی جانب سے فریقین میں بات چیت کاعمل آگے بڑھانے میں مدد فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا اور کویت کا شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کویت کی میزبانی میں جاری مذاکرات ختم ہوچکے ہیں۔ حکومتی وفد ہفتے کو کویت سے نکل جائے گا۔