صنعا۔ 9 ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) یمن میں القاعدہ کی شاخ کے ایک سینیر کمانڈر نے داعش کی جانب سے اپنے مخالفین یا یرغمالیوں کے وحشیانہ انداز میں سرقلم کرنے کی مذمت کی ہے اور اس فعل کو پروپگنڈا مقاصد کیلئے فلمانے کو ’’بربریت‘‘قرار دیا ہے۔ ’’جزیرہ نما عرب میں القاعدہ‘‘کے سینیر کمانڈر نصر بن علی العنسی نے ایک رپورٹر کے سوال کے جواب میں اپنی معاصر تنظیم دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کے بہیمانہ مظالم کے ردعمل میں ایک ویڈیو جاری کی ہے۔رپورٹر نے ان سے سوال کیا تھا کہ کیا یمنی القاعدہ داعش کے حربوں کی نقل کرنے کی کوشش کررہی ہے؟علی العنسی نے ٹویٹر پر جاری کردہ اس ویڈیو میں کہا کہ ’’قیدیوں اور مخالفین کے سرقلم کرنے کی فلم بنانا اور اس کی لوگوں کے درمیان اسلام اور جہاد کے نام پر تشہیر کرنا ایک بہت بڑی غلطی ہے اور اس کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جاسکتا ہے،خواہ اس کا کوئی بھی جواز پیش کیا جائے‘‘۔انھوں نے کہا کہ ’’یہ بہت ہی زیادہ بربریت ہے‘‘۔علی العنسی کے انٹرویو کی اس سے پہلے ایک اور ویڈیو جاری کی گئی تھی اور وہ بظاہر یمن میں ایک امریکی اور ایک جنوبی افریقی یرغمالی کی بازیابی کے لئے امریکہ کی کارروائی سے قبل ریکارڈ کی گئی تھی۔