یلاریڈی کے موضع تالاب میں 2طلبہ غرق آب

یلاریڈی۔/27ستمبر ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسکولوں کو تعطیلات ہونے پر تفریح کے طور پر نہانے جاکر دو طالب علم اپنی جان گنوا بیٹھے۔ یہ حادثہ یلاریڈی حلقہ کے منڈل تاڑوائی میں سنتائی پیٹ پر پیش آیا۔ پولیس کی تفصیلات کے مطابق سنتائی پیٹ سے تعلق رکھنے والا 17 سالہ شیخ بشیر اور اس کا بھائی سلیم اس موضع سے تعلق رکھنے والے 15 سالہ سید سلیم اور اس کے بھائی چاند پاشاہ کے ساتھ مل کر موضع شیوار کے بڑے تالاب پہنچے جہاں شیخ بشیر، سید سلیم تالاب میں تیرتے ہوئے غرق ہوگئے۔ پانی گہرا ہونے سے یہ دونوں تالاب کی تہہ میں چلے گئے باہر نہ آسکے جس سے دونوں کی موت ہوگئی۔ یہ دیکھ کر ان کے ساتھیوں نے چیخ پکار کی۔ مقامی عوام نے آکر دونوں کی نعشوں کو باہر نکالا۔ شیخ بشیر اپرپرائمری اسکول میں آٹھویں جماعت کا متعلم تھا۔ سید سلیم ہائی اسکول میں نویں جماعت کا متعلم تھا۔ دو طلباء کے اس طرح حادثاتی طور پر غرق ہوجانے پر موضع میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ ان دونوں کے ماں باپ مزدوری کا کام کرکے اپنا گذر بسر کرتے ہیں۔ اچانک ان کی موت نے دو خاندانوں کو غیر معمولی غم میں ڈبو دیا ہے۔ متوفیوں کے خاندان والوں کی شکایت پر پولیس نے کیس درج کرتے ہوئے نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے سرکاری دواخانہ منتقل کیا۔ سب انسپکٹر مسٹر سرینواس ریڈی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔ بچوں کو تالاب و پراجکٹ کا رُخ کرنا تعطیلات کی اولین پسند بن گئی ہے لیکن ایسی جگہوں پر پیش آنے والے حادثات سے عدم دلچسپی سے قیمتی زندگیاں ضائع ہوتی ہیں۔ شوق خطرہ کی آغوش میں جاکرپورا کرنا ٹھیک نہیں۔ افراد خاندان کی جانب سے اپنے اپنے بچوں کی غیر معمولی نگہداشت ضروری ہے۔