یلاریڈی کے طلبہ کو صداقت ناموں کی عدم اجرائی

تحصیل دفاتر میں درخواستوں کے انبار جوں کے توں
یلاریڈی۔/9نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) فیس ریمبرسمنٹ کیلئے طلباء نے جو FAST طریقہ کار سے صداقت نامے حاصل کرنے کیلئے درخواستیں داخل کرنے تلنگانہ حکومت کے اعلان پر دی تھیں وہ آج تک دفاتر میں انبار بنے پڑے ہیں جبکہ تلنگانہ حکومت نے خود FASTدرخواستوں کو تحصیل آفس پر سادے کاغذ پر دینے کی ہدایت دی تھی جس میں آمدنی، ذات، رہائشی صداقت نامہ شامل ہیں۔ 30اکٹوبر تک درخواستوں کی وصولی کا مقررہ وقت ختم ہوچکا ہے لیکن ان درخواستوں کو عہدیداروں نے ہاتھ تک نہیں لگایاجبکہ ان درخواستوں کو فوڈ سیکوریٹی کارڈ، وظائف کے سروے کے ساتھ ہی سروے کیا جانا تھا لیکن تلنگانہ حکومت نے صرف عہدیداروں کو فوڈ سیکوریٹی کارڈ، وظائف کے درخواستوں کا سروے منعقد کرنے کے احکام دینے پر عہدیداروں نے اسے جوں کا توںرکھ دیا ہے۔ جس سے طلباء میں تشویش پائی جاتی ہے۔کئی طلبہ نے کم وقتوں میں ضروری صداقت ناموں کیلئے دوڑ دھوپ کرتے ہوئے درخواستیں داخل کی ہیں پھر بھی پندرہ دنوں کا وقت گذرنے کے بعد بھی حکومت نے ابھی تک کوئی احکام جاری نہیں کئے۔ ہر منڈل کی تحصیل آفس پر درخواستوں کے انبار لگے ہیں۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ میں مختلف مواضعات سے 1218 درخواستیں ذات کے صداقت نامہ کیلئے دخل کی گئیں۔ آمدنی کے 1219، رہائشی صداقت نامہ کے 978 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ جلد از جلد ان درخواستوں کا معائنہ کرتے ہوئے جاری کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ فاسٹ کے نام پر تیزی کے ساتھ جاری کئے جائیں گے کہہ کربدل جانامناسب نہیں ہے۔