یلاریڈی /10 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی منڈل کے اعظم آباد اور اناساگر مواصعات کے گرام پنچایت حدود میں 10 وارڈوں میں رہائش عوام کے درمیان گذشتہ چند دنوں سے پینے کے پانی کا تنازعہ اٹھ کھڑا ہوگیا ہے ۔ اناساگر حدود میں سات خاندان اعظم آباد موضع میں ایلوئلا علاقہ کو جانے کی راہ کے بازو میں مقیم ہیں ۔ اب تک ا نہیں اعظم آباد موضع کے بورویل سے پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے جو کچھ دنوں سے ان دو مواضعات کے درمیان پینے کے پانی کیلئے نیا تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ اس تنازعہ کی اطلاع ملتے ہی منڈل خصوصی عہدیدار مسٹر گنگادھر نے MPDO مسٹر سریندر کے ساتھ مل کر مواضعات کا دورہ کیا اور دونوں مواضعات کے سرپنچوں کے ساتھ عوام سے بات کی اور کچھ دنوں تک ان خاندانوں کو پینے کا پانی دینے کو کہا گیا ۔ چند دنوں میں انہیں الگ بورویل ڈال کر پینے کے پانی کا انتظام کرنے کا تیقن دیا ۔ جس پر دونوں مواضعات کی عوام نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سرپنچ سرینواس ریڈی ، سرپنچ لکشمی پنچایت سکریٹری مسٹر برہمم ، باگیا اور دوسرے موجود تھے ۔ واضح رہے کہ ابھی موسم گرم شباب پر نہیں آیا ہے اور ابھی سے عوام پینے کے پانی کیلئے غیر معمولی فکرمند ہوتے دکھائی دیتے ہیں ۔ پانی جو اللہ تعالی کی عظیم نعمتوں میں سے ایک نعمت ہے اس کے استعمال میں احتیاط سے کام لینا اشد ضروری ہوگیا ہے ۔ ورنہ بے جا استعمال انسانی زندگیوں کیلئے مشکلات پیدا کرسکتا ہے ۔