یلاریڈی کے تمام منڈلوں میں موسلادھار بارش

پوچارم پراجکٹ کی سطح آب میں اضافہ، تین مکانات منہدم
یلاریڈی۔/21اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی اور اس کے تمام منڈلوں میں گزشتہ دو دنوں سے لگاتار ہورہی موسلا دھار بارش سے عام زندگی متاثر ہوگئی ہے۔ لیکن آبی ذخائر میں غیر معمولی اضافہ بھی ہورہا ہے۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے پوچارم پراجکٹ کی سطح آب میں وقفہ وقفہ سے اضافہ ہی ہورہا ہے۔ منڈل تاڑوائی، لنگم پیٹ ، لنگم گندھاری میں موسلادھار بارش سے لنگم پیٹ کی بڑی ندی تیزی سے لبریز ہوکر بہہ رہی ہے جس سے 5.982 کیوسک آپ پوچارم پراجکٹ میں داخل ہوا ہے۔ پراجکٹ کی مکمل سطح آب 20.5 فیٹ ہے اور فی الوقت 15.5 فیٹ آب کا ذخیرہ ہوچکا ہے۔ دو دنوں سے ہوئی موسلادھار بارش ریکارڈ کے مطابق منڈل لنگم پیٹ میں 64.2 ملی میٹر، سداشیو نگر میں 57.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تکوجی واڑی ندی لبریز ہوکر بہنے سے آمدورفت میں خلل پڑا ہے۔ گندھاری منڈل میں 80.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ایس سی کالونی میں مکان منہدم ہوگیا۔ منڈل رام ریڈی میں 48 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اوپلوائی بڑا تالاب، ریڈی پیٹ تالاب دھرمل تالاب لبریز ہوچکے ہیں۔ اور گنگا اماں ندی بھی لبرز ہوکر بہہ رہی ہے۔ یلاریڈی میں 47.4 ملی میٹر بارش ہونے کا ریونیو عہدیداروں نے ریکارڈ درج کیا ہے۔ کلیانی پراجکٹ کی مکمل آبی سطح 409.5 فیٹ ہے اور فی الوقت 409 فیٹ تک پراجکٹ میں آب پہنچ چکا ہے۔ محکمہ آبپاشی اے ای نے مزید بتایا کہ دو دنوں سے ہورہی بارش سے چھوٹے چھوٹے آبی ذخائر لبریز ہوچکے ہیں۔ موسلادھار بارش سے عام زندگی متاثر ہوکر بازار سنسان رہے اور دو دنوں کی بارش سے قدیم مکانات کو بھی کافی نقصان پہنچا ہے۔ منڈل لنگم پیٹ کے پولکم پیٹ میں ایک مکان منہدم ہوا اور لنگم پیٹ میں ایک مکان مکمل منہدم ہوگیا۔ گندھاری منڈل مستقر پر بھی ایک مکان موسلادھار بارش کی نذر ہوا۔ اس طرح بارش زراعت کو نفع پہنچایا اور عام زندگی پر اثر انداز رہی۔