صفائی کے بھی ناقص انتظامات ،گرام سبھا میں سرپنچ پر عوام کی شدید برہمی
یلاریڈی۔/24 اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی ڈیویژن کے علاقہ حاجی پور سڑک تانڈا میں پینے کے پانی کی قلت دور کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے سرپنچ پر عوام نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ تانڈا میں موجود واحد بورویل میں پانی ختم ہونے پر پانی کا مسئلہ سنگین ہوگیا ہے جس کو حل کرنے کا مطالبہ کرنے کے باوجود اب تک پرسان حال نہیں۔ عوام نے سرپنچ کی لاپرواہی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ گرام سبھا میں عوام کی اس قدر برہمی پر سرپنچ کے بھی ہوش اُڑ گئے اور جلد از جلد مسئلہ کو حل کرنے کا تیقن دینے کے بعد عوام نے خاموشی اختیار کی ۔ اس موقع پر نائب سرپنچ جمنا بائی، پنچایت سکریٹری سنجیو اور عوام کثرت سے موجود تھے۔ منڈل تاڑوائی کے مواضعات میں بھی پینے کے پانی کی قلت دور کرنے عوام نے عہدیداروں سے مطالبہ کیا۔ عوام نے چٹیال، دیمی کلاں میں منعقدہ گرام سبھاؤں میں اسٹریٹ لائٹس، صفائی کے کام عمل میں لانے کا مطالبہ کرکے پینے کے پانی کے مسئلہ کو بھی حل کرنے کا عہدیداروں سے پرزور مطالبہ کیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات سے گندگی پھیل رہی ہے جس سے امراض کا خطرہ لگا رہتا ہے۔ اس موقع پر سرپنچ کویتا، یوراجو، پنچایت سکریٹری مظفر بیگ، پریم داس، سرینواس گوڑ اور دوسرے موجود تھے۔