یلاریڈی 23 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گزشتہ تین دن سے یلاریڈی منڈل کے تمام علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی دنوں کے بعد شدید موسلا دھار بارش نے ذخائرآب کو حوصلہ بخشا ہے۔ منڈل لنگم پیٹ میں 4.7 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ منڈل ریونیو انسپکٹر گنیش نے بتایا کہ موسلا دھار بارش سے لنگم پیٹ کی بڑی ندی اور بامولا ندی لبریز ہوکر بہہ رہی ہے۔ آبی ذخائر کئی دنوں بعد بارش کے پانی سے بھرنے پر کسانوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ کسی قدر دال کی فصلوں کے لئے یہ بارش نقصان دہ بتائی گئی۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ میں 19.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ تین دن سے لگاتار ہورہی بارش خریف فصلوں کو جان ڈال دی ہے۔ منڈل گندھاری مستقر کے ساتھ ساتھ اطراف کے علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جو 36.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ منڈل سداشیو نگر میں 12.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ یلاریڈی اور اس کے تمام منڈلوں و مواضعات میں موسلا دھار بارش سے ذخائر آب کی سطح میں اضافہ ہوا ہے۔ منڈل ناگی ریڈی پیٹ کے پوچارم پراجکٹ میں بھی 12 فیٹ پانی جمع ہوچکا ہے۔ پراجکٹ کی مکمل سطح 21 فیٹ ہے۔ لنگم پیٹ کی بڑی ندی کے زبردست بہاؤ سے پراجکٹ کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ پراجکٹ لبریز ہونے پر ہی یلاریڈی کے ذخائرآب کے لئے خوش آئند بات ہوگی۔