یلاریڈی /21 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ ریاست کے قیام کی بل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں منظور ہونے اور قیام تلنگانہ پر یلاریڈی کے مسلمانوں نے صدر کمیٹی جناب شیخ غیاث الدین کی زیر قیادت زبردست ریالی منظم کی ۔ بعد نماز جمعہ ریالی مسجد عثمانیہ سے نکل کر گاندھی چوک پہونچی جہاں پر جئے تلنگانہ کے فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے ۔ یو پی اے چیرپرسن شریمتی سونیا گاندھی زندہ باد نعرے لگائے گئے ۔ اس موقع پر صدر کمیٹی نے کہا کہ سینکڑوں نوجوانوں کی قربانیوں کے نتیجہ میں اور تلنگانہ کی کروڑہا عوام کی لگاتار جدوجہد نے آخرکار قیام تلنگانہ کو یقینی بنایا ۔ تلنگانہ کے قیام میں جن جن قائدین نے پرعزم طور پر تحریک چلائی ہے ان تمام کا مسلمانان یلاریڈی نے نعروں کے ذریعہ اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر شاہراہ پر زبردست آتشبازی کی گئی ۔ اس موقع پر محمد مبین احمد ، محمد جلال ، محمد شریف ، محمد یوسف علی ، محمد محی الدین ، محمد رفیع ، سید غازی ، نوید ، محمد عمران ساجد ، محمد احمد اور دوسرے موجود تھے ۔ ٹی آر ایس منڈل صدر مسٹر گنگادھر نے بھی تلنگانہ قیام میں نوجوانوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ جناب شیخ غیاث الدین صدر مسلم نوجوان کمیٹی نے تمام مسلمانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ جنہوں نے تلنگانہ کے قیام کیلئے تحریک کا حصہ بن کر عظیم قربانیاں دی ہیں ۔