یلاریڈی میں برقی عہدیداروں کو مقفل کرنے کاواقعہ

یلاریڈی۔/23اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یلاریڈی منڈل کے سومارپیٹ علاقہ میں محکمہ برقی ٹرانسکو عہدیداروں کو عوام نے مقفل کردیا۔ برقی بلوں کو وصول کرنے گئے اناساگر کے جے ایل ایم یوسف، ویٹوٹلا جے ایل ایم سنگمیشور کو خواتین نے خالی گھڑوں سے گھیر لیا اور برقی مسدودی پر برہمی کا اظہار کیا۔ روزانہ صرف دو تین گھنٹے ہی برقی سربراہ کرنے پر پانی کس طرح حاصل کریں گے کہہ کر عہدیداروں سے سوال کیا گیا۔ برقی سربراہی کی بار بار مسدودی کرتے ہوئے بلوں کی وصولی کیلئے آئے ہو کہہ کر دونوں عہدیداروں کو گرام پنچایت آفس میں بند کرکے مقفل کردیا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر محکمہ عہدیداروں نے سومارپیٹ پہنچ کر عوام سے بات کرتے ہوئے ملازمین کو آزاد کروایا۔