سڑک پر جگہ جگہ گڑھے ، محکمہ آر اینڈ بی عہدیداروں کی خاموشی معنی خیز
یلاریڈی /21 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یلاریڈی مستقر پر شاہراہ قدم قدم پر حادثوں کا مرکز بن گئی ہے ۔ جگہ جگہ ایسے کھڈے ہوگئے ہیں کہ ذرا سی بارش سے یہ بھر کر گاڑی راں افراد کو خطرہ کا باعث بن رہے ہیں اور آئے دن ذرا سی عدم چوکسی پر کوئی نہ کوئی حادثہ ضرور پیش آرہا ہے ۔ جس سے مقامی افراد میں شدید برہمی پائی جاتی ہے ۔ امبیڈکر چوراستہ سے لے کر درگاہ شریف کے قریب تک کی شاہراہ مکمل ایسی خطروں والی ہوگئی ہے کہ گاڑی پر تو کیا پیدل چلنے والوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ پھر بھی مقامی محکمہ آر اینڈ بی عہدیدار خاموش بیٹھے ہیں ۔ شاہراہ کا یہ حال ہے تو دوسریح طرف مستقر کی سڑکوں کا بھی بہت بُرا حال ہوچکا ہے ۔ گرام پنچایت ذمہ داران کی عدم دلچسپی سے عوام کو روزانہ بے شمار دشواریاں پیش آرہی ہیں ۔ شاہراہ مکمل خطروں والی تو اندر کی سڑکیں دقتوں والی ، عوام کا باہر نکل کر ضروریات پورا کرنا محال ہوگیا ہے ۔ شاہراہ کی از سر نو تعمیرات کیلئے فنڈ کا اعلان تو ہوچکا ہے لیکن یہ کام کا کب آغاز ہوگا عوام فکرمند ہیں ۔ تلنگانہ سرکار اس طرف توجہ دے تو بہتر ہے ۔ رکن اسمبلی کو شاید یہ شاہراہ ہموار نظر آرہی ہو ۔ اس لئے آج تک کوئی اقدام کرنا ضروری نہیں سمجھا ۔ ذمہ داران کے اس رویہ سے کبھی کبھی تعجب کے ساتھ بے پناہ افسوس بھی ہوتا ہے ۔