یلاریڈی /4 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حلقہ کا ہیڈ کوارٹر یلاریڈی جہاں آر ٹی سی بس اسٹیشن میں عوامی سہولیات کا فقدان ہونے پر مسافرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ روزآنہ سو سے زائد آر ٹی سی بسوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے اور صبح سے رات دیر گئے تک یہاں مسافرین کی خاص تعداد بسوں کے انتظار میں رہا کرتی ہے ۔ تقریباً 30 سال قبل تعمیر کئے گئے بس اسٹیشن میں مسافرین کو بیٹھنے کیلئے بھی کوئی سہولت نہیں ہے ۔ مسافرین کیلئے رکھے گئے بینچ ٹوٹ پھوٹ گئے ہیں ۔ یہی نہیں سمنٹ کے ذریعہ بنائے گئے چبوترے بھی منہدم ہوچکے ہیں ۔ دور مقامات کو جانے والے مسافرین کو کافی دیر ٹہر کر ہی بسوں کا انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔ بیت الخلائیں بھی منہدم ہوگئے ہیں ۔ جبکہ بس اسٹیشن احاطہ م یں موجود دوکانات سے آر ٹی سی کو یہ ماہ 35 ہزار روپئے سے زائد کی آمدنی ہے ۔ پھر بھی مسافرین کیلئے سہولتوں کا فقدان ہونے پر عوام برہمی کا اظہار کر رہے ہیں ۔ بس اسٹانڈ میں برقی واٹر ٹینک بھی خستہ ہوگئی ہے اور بارش پر چھت سے پانی ٹپکتا ہے ۔ چھت کے ٹکڑے گر رہے ہیں ۔ کئی مرتبہ چھت کے ٹکڑے مسافرین پر بھی آگرے ہیں ۔ پھر بھی ذمہ داران کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی ۔ جبکہ کئی مرتبہ عوامی نمائندوں نے ذمہ داروں سے شکایت کی ہے پھر بھی مسافرین کیلئے آج تک کوئی سہولت فراہم نہ ہوسکی ۔ آر ٹی سی کو صرف اپنی آمدنی کا خیال ہے اور آئے دن شاپنگ کامپلکس کیلئے لاکھوں روپئے وصول کرتے ہوئے آمدنی بڑھائی جارہی ہے لیکن عوام کیلئے پرگندہ بس اسٹیشن صاف ستھرا رکھنا ضروری نہیں سمجھتے ، سینکڑوں عوام کا روزآنہ آنا جانا ہوتا ہے ۔ اس لئے یہاں سہولتوں کے ساتھ صفائی کی بھی شدید ضرورت ہے ۔