ممبئی ۔ 7ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کی حلیف جماعت شیوسینا نے آج بی جے پی کے بزرگ لیڈر یشونت سنہا کی جانب سے مہاراشٹرا میں کسانوں کے حق میں کئے گئے احتجاج کو بی جے پی حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی قرار دیا ہے اور حکومت سے کہا ہے کہ اگر وہ سابق مرکزی وزیر کے مطالبات کو جو انہوں نے اکولا میں کسانوں کے ساتھ احتجاج کے دوران رکھا ہے کی تکمیل نہ کی گئی تو یہ آنے والے دنوں میں حکومت کیلئے مشکلات کا سبب بن سکتا ہے ۔ شیوسینا نے اپنے پارٹی ترجمان ’’سامنا‘‘ کے اداریہ میں لکھا ہے کہ شیوسینا سپریمو ادھوٹھاکرے نے 80سالہ یشونت سنہا سے فون پر بات کی اور کسانوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا ۔ شیوسینا نے واضح کیا کہ مسٹر سنہا کے مطالبات کی تائید کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یشونت سنہا سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے کسان جو کہ زندگی اور موت کے مسائل سے دوچار ہیں ‘ وہ بھی اس سے دکھی ہے اگرچیکہ وہ اقتدار میں شامل ہیں ‘ اس لئے وہ کسانوں کے ساتھ ہے اور ان کے مطالبات کی تائید کرتے ہیں ۔