یدیورپا اور کمارا سوامی کے خلاف ایف آئی آر

بنگلورو7 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک لوک آیوکت پولیس نے دو سابق چیف منسٹروں بی ایس یدیورپا اور ایچ ڈی کمارا سوامی کے خلاف ایک اراضی معاملہ میں ایف آئی آر درج کروائیں اور ان پر قانون انسداد رشوت ستانی کے مختلف دفعات عائد کئے گئے ہیں جن میں دھوکہ دہی اور مجرمانہ سازش بھی شامل ہیں۔ دونوں قائدین پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے آر ٹی نگر میں مٹاڈاہلی لے آوٹ میں اراضی کی نوعیت کو بدلنے احکام جاری کئے گئے تھے ۔ ایف آئی آر میں کماراسوامی کی خوشدامن وملا اور برادر نسبتی ٹی ایس چنپا کے نام بھی شامل کئے گئے ہیں۔ لوک آیوکت کے سپرنٹنڈنٹ پولیس سونیا نارنگ نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد کرپشن قانون کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے جن میں فوجداری نوعیت کے دفعات بھی شامل ہیں ۔ ڈی نوٹیفیکیشن وہ طریقہ ہے جس کے تحت کسی پراجیکٹ کیلئے حاصل کی گئی سرکاری اراضی خانگی افراد کو واپس کردی جاتی ہے ۔ اس مقدمہ میں درخواست گذار جئے کمار ہیرامت نے شکایت درج کروائی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ اس معاملہ میں کمارا سوامی نے فائیلیں تیار کی تھیں جبکہ ان کو کلئیرنس 2010 میں بی ایس یدیورپا نے دی تھی ۔