نارائن پیٹ۔/27جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) یتیم بچے معاشرہ کا محروم و مظلوم طبقہ ہے ان کی سرپرستی و تعلیم و تربیت کرنے والوں کو اللہ کے رسولؐ نے کئی بشارتیں دی ہیں۔ آپؐ نے معاشرہ میں اس گھر کو بہترین گھر قرار دیا جس میں یتیم ہو اور اس کے ساتھ حسن سلوک کیا جائے، اور اس گھر کو بدترین گھر کہا جس میں یتیم ہو اور اس کے ساتھ بدسلوکی کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار جناب عثمان عبید اللہ مجاہد صدیقی ناظم ضلع جماعت اسلامی محبوب نگر ( مغرب ) نے شعبہ خدمت خلق جماعت اسلامی و ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن نئی دہلی کی معاونت سے یتیم طلباء و طالبات میں تعلیمی وظائف کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ نارائن پیٹ و اطراف و اکناف کے 43یتیم طلباء و طالبات میں فی کس 2250 ( دو ہزار دو سو پچاس ) تقریباً ایک لاکھ روپئے کی تعلیمی وظائف کی تقسیم عمل میں آئی۔ پروگرام کی کارروائی جناب احمد خان یوسف زئی امیر مقامی جماعت اسلامی نارائن پیٹ نے چلائی۔ جناب مجاہد صدیقی نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کی بیوہ ماں کو بھی اپنے مرحوم شوہر کے بچوں کی پرورش و تعلیم و تربیت پر بھی اللہ کے رسولؐ نے بے حد و حساب اجر اور جنت کی بشارت دی ہے اور دوہرے اجر کا بھی مژدہ سنایا ہے کہ اپنے بچوں کی پرورش اور مرحوم شوہر کے یتیم بچوں کی پرورش و تعلیم و تربیت کا اجر ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یتیم کے ساتھ حسن سلوک کرنے والوں کے متعلق حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ میں اور وہ قیامت میں اس طرح رہیں گے دو انگلیوں کو قریب کرکے اشارے سے فرمایا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ نارائن پیٹ کے علاوہ اوٹکور کے 25یتیم طلباء و طالبات میں بھی 90 ہزار روپئے کے تعلیمی وظائف کی تقسیم عمل میں لائی گئی ہے۔ اس تقریب تقسیم وظائف میں جناب ارشد فیصل، جناب ظہیر صوفی ، جناب محمد قدرت اللہ، جناب محمد لیاقت علی و دیگر معززین نے شرکت کی۔ جناب محمد ظہیر الدین صوفی کے شکریہ پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔