مقامی جماعت کے کارکن کا بیٹا گرفتار، ایف آئی آر درج
حیدرآباد ۔ /28 نومبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقے یاقوت پورہ ایس آر ٹی کالونی میں پیش آئے ایک شرمناک واقعہ میں برتھ ڈے پارٹی کے بہانے کم عمر لڑکی کو مکان میں بلاکر عصمت ریزی کی ۔ انسپکٹر رین بازار مسٹر ایس انجنیلو نے بتایا کہ 19 سالہ محمد اسلم ولد عظیم آزاد جس نے حالیہ دنوں انٹرمیڈیٹ کی تعلیم مکمل کی ہے اور کیاب ڈرائیور کی حیثیت سے کام کررہا تھا ۔ اسی علاقہ میں رہنے والی 13 سالہ کم عمر لڑکی کو الجھاکر اسے دوستی کی اور کل رات دیر گئے اس کی برتھ ڈے پارٹی منانے کے بہانے ایس آر ٹی کالونی یاقوت پورہ کے مکان میں بلایا اور اسے کمرے میں بند کردیا ۔ محمد اسلم نے مبینہ طور پر کم عمر لڑکی کی عصمت ریزی کی اور اسے کئی گھنٹوں تک کمرے میں بند رکھا ۔ لڑکی اچانک لاپتہ ہونے سے تشویش کا شکار متاثرہ لڑکی کی ماں نے شبہ کی بنیاد پر اسلم کے مکان پہونچ کر لڑکی کے بارے میں دریافت کرنے کی کوشش کی جہاں پر انہیں حملہ کا سامنا کرنا پڑا ۔ متاثرہ لڑکی کی ماں نے ملزم محمد اسلم کے مکان سے اسے باہر نکالا اور پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ باور کیا جاتا ہے کہ ملزم کے باپ کا تعلق ایک جماعت سے بتایا جاتا ہے اورالزام ہے کہ اس کیس کو رفع دفع کرنے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ اتنا ہی نہیں ملزم کو بچانے کیلئے مختلف قائدین نے پولیس پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی لیکن متاثرہ لڑکی کی ماں کی شکایت پر پولیس کو مجبوراً اسلم کے خلاف عصمت ریزی اور پوسکو ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرنا پڑا ۔ پولیس نے بتایا کہ اسلم کو حراست میں لے لیا گیا اور لڑکی کو طبی معائنے کیلئے زچگی خانہ منتقل کیا گیا۔