یاقوت پورہ میں شیر خوار لڑکا نالے میں گر کر ہلاک

پرانے شہر میں کھلے نالے جان لیوا ، عوام میں غم و غصہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : پرانے شہر کے علاقہ میں ایک شیر خوار لڑکا نالے میں گر کر ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یاقوت پورہ کے مولا کا چھلہ علاقہ میں واقعہ پیش آیا ۔ اس واقعہ کے بعد مقامی عوام نے سخت برہمی ظاہر کی اور بلدیہ کی مجرمانہ غفلت کو کمسن کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا ۔ جیسے ہی 2 سالہ ذکی عباس کی موت کی اطلاع عام ہوئی سارے علاقہ میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس شیر خوار لڑکے کی موت پر برہم عوام نے مقامی نمائندوں کو بھی اپنی برہمی کا نشانہ بنایا ۔ ذرائع کے مطابق 2 سال دو ماہ کا ذکی عباس اپنے والدین کا بڑا لڑکا تھا جو آج شام گھر کے قریب کھیل میں مصروف تھا ۔ اچانک ذکی عباس کہیں کسی کو دیکھائی نہیں دیا اور کافی دیر تلاش کرنے کے بعد ذکی نالے میں دستیاب ہوا ۔ اس نالے کو صرف ایک فٹ کی دیوار پائی جاتی ہے جب کہ اسی نالے کی حصار بندی اور جالے لگانے کے لیے بار بار توجہ دہانی کروائی گئی ۔ باوجود اس کے بلدی حکام کی مجرمانہ غفلت ایک غریب خاندان پر آفت بن کر ٹوٹ پڑی اور ان کی آنکھوں کا تارا اس نالے میں غرقاب ہوگیا ۔ ذکی عباس کے والد خلیل عباس پیشہ سے ڈرائیور ہے ۔ اس سلسلہ میں رین بازار پولیس انسپکٹر مسٹر رمیش نے بتایا کہ ذکی عباس کی موت کے خلاف تاحال کوئی شکایت درج نہیں کی گئی ۔۔