حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ یاقوت پورہ میں ایک شخص نے اپنی بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات دیر گئے حفیظ نگر میں یہ واردات پیش آئی۔ جس میں 23 سالہ تسلیم بیگم عرف تسکین اپنے شوہر عارف کے حملہ میں ہلاک ہوگئی۔ انسپکٹر پولیس رین بازار مسٹر رمیش نے یہ بات بتائی۔ قتل کی اطلاع سے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ میرچوک اے سی پی مسٹر سرینواس نے مقام کا معائنہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تسلیم اور عارف کی شادی 7 سال قبل ہوئی تھی اور انھیں 3 بچے ہیں۔ شوہر بیوی میں گزشتہ کئی روز سے جھگڑے چل رہے تھے۔ لڑکی کے رشتہ داروں کے مطابق عارف پیسوں کیلئے بیوی کو ظلم کا شکار بناتا تھا۔ تاہم پولیس نے اس کے علاوہ ایک اور وجہ بھی بتائی ہے۔ اے سی پی میرچوک کا کہنا ہے کہ عارف کو اپنی بیوی کے کردار پر شبہ تھا اور وہ شک کی بنیاد پر اسے ہراساں کرتا تھا۔ اس سے قبل بھی عارف کی بیوی گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی۔ جس کی اطلاع عارف نے پولیس میں کی تھی۔ تاہم پولیس نے کونسلنگ کے بعد دونوں کو ملایا تھا۔ ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ قبل عارف نے اپنی بیوی کو مائیکے سے طلب کیا تھا جو جھگڑے کے بعد مائیکے گئی تھی ۔ کل رات اچانک عارف نے چاقو سے اپنی بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کردیا اور پولیس میں خودسپردگی اختیار کرلی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عارف کو گرفتار کیا گیا ۔ تسلیم ٹولی چوکی علاقہ سے تعلق رکھتی تھی۔ گزشتہ 10 ماہ سے یہ لوگ حفیظ نگر میں رہتے تھے۔ اس سے قبل یہ خاندان بھوانی نگر میں رہتا تھا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔