دبئی۔ 29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں عمدہ کارکردگی کے بعد اب 82 سال سے قائم عالمی ریکارڈ یاسر شاہ کی دسترس میں آ گیا ہے اور وہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹسٹ میچ میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کر سکتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹسٹ میچ میں 14وکٹوں کی بدولت یاسر شاہ کی 32 ٹسٹ میچوں میں وکٹوں کی تعداد 195 ہو گئی اور انہیں 200 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے کے لئے محض پانچ وکٹیں درکار ہیں۔ اس کے ساتھ ہی تیز ترین 200وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ یاسر کی دسترس میں آ گیا ہے اور وہ اگلے ٹسٹ میچ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔ ٹسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر کلیری گریمیٹ کے پاس ہے جنہوں نے 1936 میں صرف 36 ٹسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ اگر یاسرشاہ تیسرے ٹسٹ میچ میں یہ ریکارڈ نہ بھی توڑ سکے تو بھی یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے ان پاس مزید دو ٹسٹ میچ ہوں گے۔ تاہم دلچسپ امر یہ کہ جب یاسر شاہ سے اس ریکارڈ کے حوالے سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ میں یہ تو جانتا ہوں کہ ریکارڈ میری دسترس میں ہے لیکن مجھے نہیں پتہ کہ یہ ’گریمیٹ‘ کون ہے۔ یاسر شاہ نے کہا کہ میں یہ ریکارڈ توڑنا چاہتا ہوں لیکن میں گریمیٹ کے بارے میں زیادہ نہیں جانتا۔ وہ کافی سال پہلے کھیلے تھے لیکن میں ریکارڈ کے بارے میں جانتا ہوں کیونکہ جب کبھی بھی میں ریکارڈ کی فہرست دیکھتا ہوں تو ان کا نام سب سے پہلے نظر آتا ہے۔ یاد رہے کہ ٹسٹ کرکٹ میں تیز ترین 100 وکٹوں لینے والوں میں یاسر شاہ دوسرے نمبر پر موجود ہیں جہاں انہوں نے 17 ٹسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ تیز ترین 100وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ انگلش ٹیم کے جیارج لومین کے پاس ہے جنہوں نے 1896 میں 16ٹسٹ میچوں میں 100وکٹیں مکمل کی تھیں۔ یاسر شاہ نے کہا کہ میں اپنی ٹیم کی فتح میں کردار ادا کرنے پر بہت خوش ہوں، یہ میرا کام اور ذمے داری ہے کہ میں زیادہ سے زیادہ وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروں۔