کراچی ۔27 ۔ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ کی خواہش ہے کہ وہ اگلے سال آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں بہتر کاردگی دکھائیں۔ یاسر آسٹریلیائی لیجنڈا سپنر شین وارن سے بہت متاثر ہیں اور اس ضمن میں انہوں نے کہا ہے کہ میں نے شین وارن سے متاثر ہو کر کرکٹ شروع کی، وہ میرے رول ماڈل ہیں اور میری دعا ہے کہ میرا نام ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل ہو۔وارن نے ٹسٹ میں 708 اور ونڈے میں 293 وکٹ حاصل کی ہیں اور انھیں کرکٹ کی تاریخ کا عظیم لیگ اسپنر مانا جاتا ہے۔28 سالہ یاسر شاہ نے کہا کہ وارن نے بطور اسپنر کرکٹ کو اپنے انداز اور جارحانہ بولنگ کی وجہ سے بدل دیا ہے۔
میں ان کی راہ پر چلنا چاہتا ہوں اور یہ میرا خواب ہے کہ میں آسٹریلیا میں کچھ کر کے دکھاؤں۔یاسر شاہ پاکستان کے 30 رکنی ابتدائی اسکواڈ میں شامل ہیں اور سعید اجمل اور محمد حفیظ جیسے تجربہ کاربولروں کی غیر موجودگی میں جن کے بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ کرنے پر پابندی ہے، پاکستان کی بھاری ذمہ داری ان ہی کے کاندھوں پر ہے۔چیف سیلیکٹر معین خان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ’یقیناً آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف بہترین مظاہرے کے بعد وہ ہمارے ورلڈ کپ منصوبے میں شامل ہیں۔یاسرشاہ جو کہ صوبے خیبر پختونخوا کے چھوٹے سے شہر سوابی سے تعلق رکھتے ہیں آج کل شین وارن کی بولنگ کی ویڈیو فٹیج دیکھ کر اپنے آپ کو ایک ونڈے میں ایک بڑا کردار ادا کرنے کے لئے تیار کر رہے ہیں۔میں نے وارن کی ویڈیوز دیکھی ہیں خصوصاً کہ وہ آسٹریلیائی وکٹوں کو کس طرح استعمال کرتے تھے۔ میں اپنی گگلی کو چھپانے اور مزید کارآمد بنانے کے لئے اس پر بہت محنت کر رہا ہوں۔یاسر شاہ آسٹریلیا میں بہتر کارکردگی دکھانے کے متعلق کافی مطمئن ہیں جہاں ان کے بقول وکٹوں پر اضافی اوچھال ان کی مدد کرے گا۔’آسٹریلیا جا کر جو پہلا کام میں کرنا چاہتا ہوں وہ وہاں نیٹس پر وارن کے ساتھ کچھ وقت گزارنا ہے۔ میں نے پڑھا ہے کہ وہ مجھے گیند کرتے ہوئے دیکھنا اور کچھ ٹپس بھی دینا چاہتے ہیں۔انکا یہ خیال میرے لئے سود مند ہوگا۔یاسر شاہ سابق لیگ اسپنرز انتخاب عالم، مشتاق محمد، عبدالقادر، مشتاق محمد اور دانش کنیریا کی طرز کے بولر ہیں۔