ابوظہبی ۔19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان یو اے ای میں تین ٹسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ سنسنی خیز انداز میں ختم ہوا جہاں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو امکانی کامیابی سے دور کرتے ہوئے 4 رنز کی شرمناک شکست سے دوچارکردیا۔ اس مقابلے میں پاکستانی اسپنر یاسر شاہ نے شانداربولنگکا مظاہرہ کیا۔ پہلے ٹسٹ میچ میں یاسر شاہ نے 8 وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں تین اوردوسری اننگز میں پانچ وکٹیں ان کے نام رہیں، جس کے ساتھ ہی یاسر شاہ کے نام 31 ٹسٹ میچوں میں 181 وکٹیں ہوگئی ہیں۔ خیال رہے کہ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ آسٹریلیا کے کلیری گرمٹ کے نام ہے۔ گرمٹ نے سال 1936میں یہ ریکارڈ صرف 36 میچوں میں اپنے نام کرلیا تھا۔اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہندوستانی اسپنر اشون ہیں۔ سال2011 میں اشون اس ریکارڈ کے کافی قریب پہنچ گئے تھے ، لیکن وہ اس ریکارڈ کو 37 میچوں میں اپنے نام کرسکے۔ تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے للی اور چوتھے نمبر پر وقار یونس ہیں۔ للی اور وقار یونس دونوں نے 38 میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ تاہم پاکستان کے یاسر شاہ اب اس ریکارڈ کے کافی قریب پہنچ گئے ہیں وہ 82 سالہ ریکارڈ کو توڑ دیں گے۔ یاسر شاہ کے نام 31 میچوں میں 181 وکٹیں ہوگئی ہیں۔ اگر وہ مزید چار میچوں کی 8 اننگز میں 19 وکٹیں حاصل کرلیتے ہیں ، تو یہ ریکارڈ ان کے نام ہوجائے گا۔