یاسرشاہ ہندوستان کے خلاف کھیلنے کے خواہاں

کراچی ۔7 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ہندوستانی ٹیم اور حریف کپتان ویراٹ کوہلی کے خلاف ٹسٹ اور ونڈے میں کھیلنے اور عمدہ کارکردگی دکھانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کہا کہ وہ اپنی ’گگلی‘ اور ’فلِپر‘ پر سخت محنت کر رہے ہیں اور پْر امید ہیں کہ اس کی مدد سے وہ ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیں گے۔یاسر شاہ نے کہا میں پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے اپنے ہر میچ میں عمدہ کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں اور پْر امید ہوں کہ میں تیز ترین 200 وکٹوں کا ریکارڈ اپنے نام کر لوں گا۔پاکستان کو ٹسٹ کرکٹ میں متعدد فتوحات دلوانے والے لیگ اسپنر شاہ نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کے لیے سخت محنت کرنی پڑتی ہے۔انہوں نے نوجوان اسپنر شاداب خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’میں ان (شاداب خان) کیونڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بہترین کارکردگی سے انتہائی خوش ہوں اور مجھے یقین ہے کہ وہ جلد ٹسٹ میچوں میں بھی اسی طرح کارکردگی دکھائیں گے۔یاد رہے کہ یاسر شاہ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین 100 وکٹیں مکمل کرنے والے مشترکہ طور پر دوسرے جبکہ ایشیائی بولروں میں پہلے نمبر پر ہیں۔علاوہ ازیں یاسر شاہ تیز ترین 150 وکٹیں حاصل کرنے والوں کی فہرست میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ لیگ اسپنر کو تیز ترین 200 وکٹوں کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لئے 7 میچوں میں 35 وکٹیں درکار ہیں۔