حیدرآباد /2 اگست ( سیاست نیوز ) رچہ کنڈہ پولیس نے بردہ فروشی کے خلاف اپنی کارروائیوں میں شدت پیدا کردی ہے ۔ گذشتہ روز یادگیری گٹہ میں نابالغ لڑکیوں کو جسم فروش دلالوں کے چنگل سے آزاد کرنے کے بعد پولیس نے آج اپنی کارروائی میں مزید لڑکیوں کو آزاد کروایا اور 6 افراد کو گرفتار کرلیا ڈی سی پی بھونگیر زون کی ہدایت پر کارروائی کی گئی ۔ پولیس نے یادگیری گٹہ پولیس حدود میں فحاشی کے ٹھکانوں پر دھاوا کرتے ہوئے کمسن نابالغ لڑکیوں کو آزاد کروایا ۔ پولیس کے مطابق 6 افراد میں کمسانی ناگا لکشمی ، کمسانی نریش ، کمسانی سواپنا ، کمسانی کماری ، کمسانی رجنی اور کمسانی ایلایا کو گرفتار کرلیا گیا ۔ غریب خاندانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی کمزور مالی حالت سے فائدہ اٹھاکر غریب خاندانوں کو رقمی لالچ دیتے ہوئے جسم فروش دلال نابالغ لڑکیوں کو اپنے قبضہ میں کرلیتے ہیں اور انہیں ادویات کا عادی بناکر ان سے جسم فروشی کرواتے ہوئے رقم حاصل کر رہے ہیں ۔ رچہ کنڈہ پولیس نے گرفتار تمام افراد بشمول خواتین کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔