نئی دہلی۔ 8 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ویسٹ انڈیز کے ابھرتے بیٹسمین شمرون ہیٹمائر کی مقبولیت کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ 2018ء میں انٹرنیٹ پر سرچ کئے جانے والے ابھرتے کھلاڑیوں میں انہیں پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ یاہو انڈیا کی جانب سے 2018ء میں نیٹ سرچ رجحان کی مختلف زمروں میں فہرست جاری کی گئی ہے جس میں کرکٹ کے زمرے میں ونڈیز کے جارحانہ بیٹسمین ہیٹمائر نے پہلا مقام حاصل کیا ہے جبکہ اس فہرست میں پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس نے دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ سرفہرست مستقبل کے اسٹار کی فہرست میں تیسرے مقام پر انگلش آل راؤنڈر سیام کیرن، چوتھے مقام پر ہندوستانی اسٹار پرتھوی شا، پانچویں مقام پر رشبھ پنت، چھٹے مقام پر امام الحق، ساتویں مقام پر افغانستان کے اسٹار مجیب الرحمن اور آٹھویں مقام پر جنوبی آفریقہ کے فاسٹ بولر لنگی نگیڑی موجود ہیں۔ دیگر زمروں میں سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی شخصیت میں پہلے مقام پر سلمان خان ہیں اور خاتون زمرے میں سنی لیونی کو پہلا مقام ملا ہے جس کے بعد حیران کن طور پر سری دیوی دوسرے مقام پر رہی ہیں۔ علاوہ ازیں خبروں کے زمرے میں وزیراعظم نریندر مودی کو پہلا اور راہول گاندھی کو دوسرا مقام حاصل ہوا ہے۔