سڈنی۔29نومبر(سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلیائی اوپنر فلپ ہیوز جن کا گذشتہ روز انتقال ہوگیا ہے ‘ ان کی 3ڈسمبر کو شمالی نیوساؤتھ ویلس میں آبائی شہر میکس ویلے میں آخری رسومات ادا کی جائیں گی ۔ آنجہانی بیٹسمین کی آخری رسومات یہاں میکس ویلے ہائی اسکول کے اسپورٹس ہال میں منعقد ہوں گی ۔ یہ وہی اسکول ہے جہاں سے ہیوز نے تعلیم حاصل کی ہے ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے بموجب ہیوز کی آخری رسومات 9نٹ ورک کے علاوہ اس کے ساتھ مشترکہ طور پر دیگر ٹیلی ویژن نٹ ورک پر راست نشر کی جائیں گی ۔ آسٹریلیا میں اے بی سی لوکل ریڈیو اور فیرفاکس ریڈیو نٹ ورک بھی آخری رسومات کی نشریات کرے گا۔ کرکٹ آسٹریلیا کے ویب سائٹ اور اپلیکیشن پر بھی راست نشریات کی سہولت دستیاب ہے ۔اس ضمن میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو جیمس سودرلینڈ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم مشکور ہیں کہ آسٹریلیائی عوام نے ہیوز اور
ان کے افراد خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کرنے کے علاوہ ہر ممکنہ تعاون کو یقینی بنایا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ ملک بھر سے عوام اپنی نیک تمنائیں ہیوز کے لئے پیش کررہے ہیں اور چونکہ میکس ویلے میں اتنی گنجائش نہیں کہ عوام کی کثیر تعداد کو یہاں پہنچنے کا موقع فراہم کیا جاسکے ۔ لہذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹی وی ‘ ریڈیو اور انٹرنیٹ کی سہولیات سے استفادہ کرتے ہوئے ہر شخص تک آخری رسومات میں شرکت کا موقع فراہم کیا جاسکے ۔ کرکٹ آسٹریلیا نے عوام سے یہ بھی خواہش کی ہے کہ وہ ہیوز کی آخری رسومات کے موقع پر آنجہانی کھلاڑی کے افراد خاندان اور دوست احباب کی نجی مصروفیات میں مداخلت سے گریز کریں اور انہیں ایسی حالت میں کسی قسم کی مزید مداخلت سے پریشان نہ کریں۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ کے علاوہ ایڈیلیڈ اوول میں بھی ہیوز کی آخری رسومات کا بڑی اسکرین پر مشاہدہ کرنے کی سہولت رہے گی۔