سڈنی ۔2 مئی (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ آسٹریلیا آنجہانی بیٹسمین فلپ ہیوز کی موت سے متعلق جائزہ رپورٹ آئندہ چند ہفتوں میں منظر عام پر لائے گا۔ تقریباً اٹھارہ ماہ قبل کرکٹ میدان پر پیش آئے ناگہانی واقعہ کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا تھا تاکہ سفارشات کی روشنی میں آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے رپورٹ مرتب کرنے کیلئے آسٹریلین بار اسوسی ایشن کے سابق صدر ڈیوڈ کارٹن کی خدمات حاصل کی ہیں۔دوسری جانب سابق بیٹسمین کرس روجرز نے میچوں میں بیٹسمینوں کی حفاظت کیلئے ہیلمٹ استعمال کرنے کے نئے قوانین کے اطلاق کی حمایت کردی ہے۔ انہوں نے کہاہے کہ کھیل میں کھلاڑیوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کوا ولین ترجیح دینی ہوگی اور ہیلمٹ کے نئے ضابطے کھلاڑیوں کو ہرصورت قبول کر لینے چاہئیں۔