۔2018ء میں حادثات میں ہلاکتوں کی 3 فیصد میں کمی ، جرمانوں کی وصولی میں 92 فیصد اضافہ
حیدرآباد۔ 30 ڈسمبر (این ایس ایس) تلنگانہ روڈ سیفٹی اتھاریٹی کی سالانہ رپورٹ کے مطابق ریاست میں سڑک حادثات میں پیوستہ و گزشتہ سال کے مقابلے تین فیصد کمی واقع ہوئی ہے، لیکن ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں سے جرمانے کی وصولی میں 92 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق 2016ء میں 22,811، 2017ء میں 22,484 اور 2018ء میں 20,325 سڑک حادثات پیش آئے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2016ء میں 124 کروڑ روپئے، 2017ء میں 190 کروڑ روپئے اور 2018ء میں 235.59 کروڑ روپئے بطور جرمانہ و کمپاؤنڈنگ فیس وصول کئے گئے۔ سڑک حادثات میں ہلاکتوں کی شرح میں بھی 10 فیصد کمی ہوئی ہے۔ 2018ء میں 7,219 2017ء میں 6,596 اور 2018ء میں 5,985 افراد سڑک حادثات میں ہلاک ہوئے۔ سڑک حادثات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد بھی 2017ء میں 23,990 سے گھٹ کر 2018ء میں 2 فیصد کمی کے ساتھ 21,818 رہی۔ ہیلمٹ نہ پہنے والے موٹر سائیکل رانوں کے خلاف 2018ء (نومبر تک) چالانات کے ذریعہ سب سے زیادہ رقم 56,35,64,077 روپئے کمپاؤنڈنگ فیس وصول کی گئی۔ اس کے بعد تیز رفتار گاڑی چلانے والوں کے خلاف جرمانے کے ذریعہ 38 کروڑ 45 لاکھ 27 ہزار 801 روپئے وصول کئے گئے۔