ہیلز اور رائے کی سنچریاں‘انگلینڈ 10وکٹوں سے فاتح

ایجبیسٹن۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام ) دوسرے ونڈے میں انگلینڈ نے سری لنکا کو ایلکس ہیلز اور جیسن رائے کی شاندار سنچریوں کی بدولت دس وکٹوں سے شکست دے کر پانچ  میچوں پر مشتمل سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ دونوں بیٹسمینوں نے انگلینڈ کی جانب سے ونڈے کی اوپننگ شراکت داری کا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 95 گیند قبل ہی 255 کا ہدف حاصل کر لیا۔قبل ازیں سری لنکا کی بیٹنگ پھر ناکام رہی ۔میزبان ٹیم کی جانب سے ایلکس ہیلز نے دس چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 133 جب کہ جیسن رائے نے سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 112 رنز بنائے۔اس سے پہلے سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز بنائے۔مہمان ٹیم کی جانب سے دنیش چنڈیمل نے تین چوکوں کی مدد سے 52 اور اینجلو میتھیوز نے تین چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے۔میزبان ٹیم کی جانب سے پلنکٹ اور عادل رشید نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔انگلینڈ کے جیسن رائے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔