ہیضہ کی وباء کی روک تھام کیلئے شعور بیداری مہم

محبوب نگر۔/5اگسٹ، (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہیضہ کی وباء سے نمٹنے کیلئے آشاوالینٹرس گھر گھر پہنچ کر او آر ایس پاکٹس تقسیم کرنے کی ہدایت فیملی ویلفیر کے ریاستی کمشنر جیوتی بدھا پرکاش نے دی۔ منگل کے دن ویڈیو کانفرنس میں ضلع عہدیداروں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیہی سطح پر سپر وائزرس اس وباء کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کریں۔ 8اگسٹ تک ماں کے دودھ کی اہمیت کے پروگرام کے تعلق سے بھی عوام کو واقف کروائیں۔ ویڈیو کانفرنس میں ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹرگوئند واگھورے نے بتایا کہ ضلع میں تاحال 3لاکھ او آر ایس پاکٹس تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ اندرا دھنش پروگرام کے تحت 65فیصد ٹیکہ اندازی بھی مکمل کرلی گئی ہے ۔ تمام مواضعات میں سیلف گروپس کے تعاون سے شعور بیداری پروگرامس جاری ہیں۔ کمشنر نے اندرادھنش پروگرام کو کامیابی سے جاری رکھنے پر ضلع عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ ویڈیو کانفرنس میں ضلع ہاسپٹل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر میناکشی کے علاوہ ڈسٹرکٹ ملیریا آفیسر ڈاکٹر ششی کانت، ڈسٹرکٹ لیپرسی آفیسر سریدھر ریڈی، ڈی پی ایم سعید و دیگر عہدیدار موجود تھے۔