ہیراتھ اور روٹ کی درجہ بندی میں شاندار ترقی

دوبئی 20 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکن ہیرو رنگنا ہیراتھ کیلئے پاکستان کے خلاف غیرمعمولی کارکردگی کا انعام مل گیا۔ وہ آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں دنیا کے تین بہترین بولروں کی فہرست میں شامل ہوگئے۔ ڈیل اسٹین پہلی اور ریان ہیرس دوسرے مقام پر موجود ہیں۔ پاکستان کے سعید اجمل نتزلی کا شکار ہو کر نویں نمبر پر ہیں۔ انگلینڈ کے جیوروٹ نے ہندوستان کیخلاف ناقابل شکست اننگز کھیل کر پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹسٹ درجہ بندی میں بیٹسمینوں کے ٹاپ ٹین میں شامل ہوگئے۔ سری لنکا کے بیٹسمین کمار سنگاکارا بدستور پہلے مقام پر فائز ہیں۔ پاکستان کے کپتان مصباح الحق تنزلی کا شکار ہو کر دسویں مقام پر پہونچ گئے۔ آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی تازہ ترین ٹسٹ درجہ بندی جاری کردی۔ ٹسٹ درجہ بندی کے مطابق بیٹسمینوں کی فہرست میں جیو روٹ 26 ویں مقام سے نویں مقام پر پہنچ گئے۔ 23 سالہ جیو روٹ ہندوستان کے خلاف اوول ٹسٹ میں 149رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ یہ روٹ کے کیر ئیر کی سب سے بہترین درجہ بندی ہے۔

سری لنکا کے کماراسنگاکارا اور جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز اپنا مقام برقرار رکھتے ہوئے پہلے اوردوسرے نمبر پرموجود ہیں جبکہ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز نے تیسرے نمبر پر قبضہ کرلیا۔ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر چوتھے، جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ پانچویں، ویسٹ انڈیز شیو نارائن چندرپال چھٹے، آسٹریلیا کے مائیکل کلارک ساتویں، نیوزی لینڈ کے روز ٹیلر نویں مقام پر ہیں۔ کولمبو ٹسٹ میں پاکستان کے وکٹ کیپر سرفراز احمد نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 103 اور دوسری اننگز میں 55رنز بنائے جس کی وجہ سے وہ 51 ویں مقام سے 29 ویں مقام پر پہنچنے میں کامیاب ہوئے جبکہ سری لنکا کے اوپل تھرنگا 52 ویں نمبر سے 49 ویں نمبر پر آگئے۔ بولنگ کے شعبے میںپاکستان کے خلاف دوسرے ٹسٹ میں 14 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے سری لنکائی اسپنر ہیراتھ نے کیرئیر کا بہترین مقام حاصل کرتے ہوئے پانچویں سے تیسرے نمبر پر آگئے۔ ہیراتھ نے پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 127رنز دیکر 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ دوسری اننگز میں 57 رنز دیکر 5 وکٹیں لیکر ٹیم کی کامیابی میں کلیدی رول اداکیا۔