محبوب نگر۔ 20 اکتوبر (فیاکس) ملت کے ہونہار طالب علم جب اعلیٰ تعلیم کیلئے بیرون ملک منتخب کئے جاتے ہیں تو یہ اعزاز کے ساتھ ساتھ قابل فخر بات بھی ہے۔ ضلع محبوب نگر سے تعلق رکھنے والے ہونہار و ذہین جواں سال طالب علم محمد شعیب صدیقی ولد محمد متین صدیقی نے سری چیتنیہ کالج حیدرآباد سے انٹرمیڈیٹ میں امتیازی کامیابی حاصل کی اور وہ بیرون ملک روس (Russia) کے قریبی ملک کی یونیورسٹی میں میڈیسن (MBBS) کیلئے منتخب ہوکر روانہ ہوچکے ہیں۔ یہ طالب علم ماہر تعلیم جناب محمد خلیل اللہ سابق پرنسپل کے نواسے اور ممتاز انجینئر جناب محمد ابراہیم صدیقی کے پوترے ہیں۔ جناب حلیم بابر صدر بزم کہکشاں و سابق چیرمین اُردو گھر نے اس اعزاز کے حصول پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے ملت کے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ بھی اعلیٰ تعلیم کیلئے قدم بڑھاتے رہیں تاکہ مسلم معاشرہ کو توقیر و سرخروی حاصل ہو۔