نئی دہلی۔ 22 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) دو مرتبہ کے آئی پی ایل فاتح کپتان گوتم گمبھیر اور رکی پونٹنگ جیسے کھلاڑی کو کوچ رکھ کر میدان میں اترنے والی دہلی ڈئیر ڈیولس کی ٹیم ٹورنامنٹ کے 11 ویں ایڈیشن میں ایک کے بعد ایک ہار کا سامنا کررہی ہے اور اب اسے اپنی قسمت تبدیل کرنے کے لئے صرف اپنے گھر کا سہارا رہ گیا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی اسے گیل کی شکل میں طوفان روکنا ہوگا۔دہلی کو پیر کو اپنے گھریلو فیروز شاہ کوٹلہ میدان میں گمبھیر کی ٹیم کنگز الیون پنجاب سے کھیلنا ہے اور ٹورنامنٹ میں رہنے کے لئے اسے ہر حال میں یہ میچ جیتنا ہوگا۔پنجاب کی ٹیم جہاں پانچ میں سے چار میچ جیت کر چوٹی پر ہے وہیں دہلی کی ٹیم پانچ میں سے چار میچ ہار کر آٹھ ٹیموں میں سب سے پھسڈی ہے ۔دہلی کے کپتان گمبھیر اور کوچ پونٹنگ نے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے وعدہ کیا تھا کہ اس بار وہ دہلی کی قسمت بدلیں گے اور اسے جیت کی پٹری پر لے آئیں گے لیکن ابھی تک ایسا کچھ بھی دیکھنے کو نہیں ملا ہے اور دہلی کی وہی لٹی پٹی حالت ہے جو پچھلے ورژن میں تھی۔کولکاتا کو دو بار چمپئن بنانے والے گمبھیر آٹھ سال بعد واپس دہلی لوٹ آئے ، کپتانی سنبھالی لیکن نہ تو وہ کپتانی سے اور نہ ہی بلے سے دہلی کی حوصلہ افزائی کر پا رہے ہیں۔