معتمد عمومی بانکی مون کے کارگذار نائب ترجمان فرحان حق کا بیان
اقوام متحدہ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ دونوں پڑوسی ممالک ہندوستان اور پاکستان کی جانب سے درخواست پر مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کے لئے مدد دینے اور ثالث کا فرض انجام دینے کے لئے تیار ہے۔ اقوام متحدہ کے معتمد عمومی بانکی مون کے کارگذار نائب ترجمان فرحان حق نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پر ہمارا اثر و رسوخ دونوں ممالک کی درخواست پر ثالثی کے لئے دستیاب ہے۔ وہ ایک سوال کا جواب دے رہے تھے، جس میں اُن سے
دریافت کیا گیا تھا کہ کیا بانکی مون ہندوستان اور پاکستان کے باہمی مذاکرات کے ذریعہ دیرینہ مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کی تجویز رکھتے ہیں، اُنھوں نے کہاکہ معتمد عمومی کئی انتہائی اہم کردار اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے انجام دے چکے ہیں۔
اُنھوں نے برسرعام اور پوشیدہ طور پر بھی کئی اہم اقدامات کئے ہیں تاکہ آزادی، غیر جانبداری اور یکجہتی کا تحفظ ہوسکے، بین الاقوامی تنازعات کو اُبھرنے، کشیدگی پیدا ہونے اور کشیدگی پھیلنے سے روکا جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے معتمد عمومی ایک دوسرے کے خلاف جنگ میں مصروف فریقین کے درمیان امن کی بحالی اور سیاسی و مسلح جھڑپوں میں شدت پیدا کرنے سے روکنے کے لئے استعمال کرچکے ہیں۔