ہند ۔ پاک سیریز کے سری لنکا میں انعقاد پر غور؟

دبئی۔23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریارخان کی دبئی میں ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ ششانک منوہر سے ملاقات کے بعد ہند۔ پاک کرکٹ سیریز سری لنکا میں منعقد ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ اسپورٹس ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق دونوں ملکوں کی جانب سے سیریز کے بارے میں سخت موقف اختیار کئے جانے کے بعد یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ سیریز سری لنکا میں کھیلی جائے، تاہم اب یہ پہلے سے طے شدہ آئی سی سی شیڈول کے مطابق مکمل ٹسٹ، ونڈے اور  ٹوئنٹی 20 مقابلوں  کی  سیریز کی بجائے 5 یا 6 محدود اوورز کے مقابلوں  پر مشتمل سیریز ہوگی۔ بی سی سی آئی کے 27 نومبر کو ہونے والے ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں اس تجویز کی منظوری کے امکانات روشن ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے دوطرفہ سیریز کے انعقاد کے لئے اپنے ملک کے دورے کی پیش کش کو پی سی بی نے مسترد کرتے ہوئے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ یہ اس کی ہوم سیریز ہے لہٰذا وہ اس کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کرنا چاہتا ہے، تاہم ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے یہ سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔ پی سی بی اور بی سی سی آئی کے سربراہوں کے درمیان ملا قات انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک کی کوششوں کا ثمر تھا جن کا موقف ہے کہ پاکستان اور ہندوستان دوطرفہ سریز کا انعقاد ہونا چاہئے۔ مذکورہ ملاقات میں انگلینڈ کرکٹ بورڑ کے سربراہ جائلز کلارک اور پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے صدر  نجم سیٹھی بھی شریک تھے۔ جائلز کلارک نے اس موقع پر کہا کہ  بین الاقوامی کرکٹ کے وسیع تر مفاد میں پاک ۔ ہندوستان کرکٹ روابط بہت اہمیت کے حامل ہیں اور ان دونوں کے درمیان کرکٹ سیریز ہر صورت میں ہونی چاہئے۔ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم اگلے ماہ نیوزی لینڈ کے دورے پر روانہ ہوگی اس لئے وہاں میدانوں کی دستیابی کا مسئلہ بھی درپیش نہیں ہوگا۔ یاد رہے پاکستان اس سے قبل 2002 میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ کی میزبانی سری لنکا میں کرچکا ہے، موجودہ ٹیم کے کوچ وقار یونس اْس وقت پاکستان ٹیم کی قیادت کررہے تھے۔