دبئی میں ششانک منوہر اور شہریار خاں کی ملاقات نہ ہوسکی،دونوں کرکٹ بورڈس اپنے موقف پراٹل
دبئی۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی سی سی آئی صدر اور آئی سی سی صدرنشین ششانک منوہر اس وقت دبئی میں موجود ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے صدر نشین شہریار خان بھی یہاں پہونچ چکے ہیں لیکن ڈسمبر میں ہند ۔ پاک سیریز کو قطعیت دینے کے سلسلے میں دونوں کی باہمی ملاقات کا کوئی امکان نظر نہیں آتا۔ بی سی سی آئی نے یو اے ای میں سیریز کھیلنے سے انکار کیا ہے اور پاکستان نے ہندوستان میں یہ سیریز کھیلنے کی کرکٹ بورڈ کی پیشکش مسترد کردی ہے۔ اس طرح مجوزہ سیریز کے تعلق سے یقینی کیفیت پائی جاتی ہے۔ دونوں ممالک کے بورڈ سربراہان کی دبئی میں ملاقات کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے اور توقع ہے کہ ششانک منوہر سری لنکا اور بنگلہ دیش کو متبادل مقام کے طور پر پیش کرسکتے ہیں، لیکن یہ اسی وقت ممکن ہے جب دونوں کی دوبدو ملاقات ہو اور اب تک ایسا نہیں ہوپایا ہے۔ ششانک منوہر گورننگ باڈی اجلاس کے سلسلے میں آئی سی سی ہیڈکوارٹر کا دورہ کررہے ہیں جبکہ شہریار یو اے ای میں ہیں جہاں پاکستان اس وقت انگلینڈ کی میزبان کررہا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق یہ ملاقات اس لئے نہیں ہوپا رہی ہے کہ دونوں ملاقات میںدلچسپی نہیں رکھتے۔ ششانک منوہر یہاں آئی سی سی گورننگ باڈی اجلاس میں شرکت کیلئے آئے ہیں اور جس وقت وہ دوبئی پہونچے ، اس کے دوسرے دن یعنی اتوار کو شہریار خان پاکستان روانہ ہورہے ہیں۔ اس طرح دونوں کی ملاقات کا کوئی امکان باقی نہیں رہا۔بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کے پہلے مرحلے کی گزشتہ سال یو اے ای میں میزبانی کی تھی۔ ششانک منوہر اس وقت بی سی سی آئی کا حصہ نہیں تھے، اس وقت وہ یو اے ای میں مجوزہ سیریز کے سخت خلاف ہیں اور وہ آئی پی ایل میں فکسنگ الزامات اور شارجہ کی تاریخ اس کی وجوہات قرار دیتے ہیں۔ 1999-2000ء میں فکسنگ کی شروعات یہیں سے ہوئی تھی۔ ششانک منوہر اس وقت بحیثیت صدر بی سی سی آئی اور صدرنشین آئی سی سی اپنے موقف پر قائم ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بی سی سی آئی نے ہند ۔ پاک کرکٹ سیریز کے احیاء کیلئے یو اے ای میں میچس کی مخالف ہے۔ سابق صدرنشین بی سی سی آئی این سرینواسن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ یادداشت ِ مفاہمت پر دستخط کئے تھے جس کے تحت دونوں ممالک آئندہ 8 سال تک 6 باہمی سیریز کھیلیں گے۔ اس شیڈول کے تحت ڈسمبر میں سیریز کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سیریز کے لئے یو اے ای کا انتخاب کیا ہے کیونکہ 2009ء میں سری لنکا کی ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد اس مقام کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی اس وقت اپنا موقف تبدیل کرچکا ہے ۔ وہ ہوم سیریز کے خسارہ کی پی سی بی سے پابجائی کیلئے بھی تیار ہے۔
ہنگس کی کامیابی کا راز
ممبئی۔ 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹینس اسٹار مارٹینا ہنگس نے کہا ہے کہ ان کی کامیابی کا اہم راز یہ ہے کہ وہ اپنی ساتھی کھلاڑی کے کھیلنے کے انداز کے ساتھ خود کو بہت جلد ہم آہنگ کرلیتی ہیں۔ انہوں نے ثانیہ مرزا کے ساتھ دو گرانڈ سلام ڈبلز ٹائٹل اور لینڈر پئیس کیساتھ مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیتا ۔ ہنگس حیدرآباد ایسیس کی نمائندگی کریں گی۔