قاہرہ۔ 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور مصر کے درمیان دو رخی تعلقات میں مزید استحکام پیدا ہوا ہے اور اب متعدد شعبوں میں دونوں ممالک ایک دوسرے کا تعاون کرتے نظر آئیں گے جن میں سیاسی، معاشی اور سکیورٹی شعبے شامل ہیں۔ ہندوستانی سفیر متعینہ مصر سنجے بھٹا چاریہ نے ہندوستان کے 67 ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک ہوٹل میں ترتیب دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہند نریندر مودی اور صدر مصر عبدالفتاح السیسی نے گزشتہ سال دوبارہ ملاقات کی ہے جبکہ وزیر خارجہ ہند سشما سوراج نے بھی مصر کا کامیاب دورہ کیا ہے لہٰذا اب ہماری شرکت داری کو ایک نئی جہت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہی ممالک سائنس اور معاشیات کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تعاون کے خواہاں ہیں اور ساتھ ہی ساتھ دونوں ممالک کے ثقافتی تبادلہ اور عوام سے عوام کے راست تعلقات کو بھی مستحکم بنایا جائے گا۔ اس تقریب میں بچوں کی جانب سے گلمپس آف انڈیا (ہندوستان کی جھلک) کے عنوان سے ایک نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا جبکہ راجستھان سے تعلق رکھنے والے ایک ڈانس ٹروپ نے ’’کلبیلیا‘‘ نامی ڈانس سے وہاں موجود حاضرین کا دل موہ لیا۔