ہند ۔ انگلینڈ ٹسٹ سیریز کا آج ناٹنگھم میںپہلا مقابلہ

ناٹنگھم ۔ 8 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہندوستانی ٹیم اور میزبان انگلینڈ کے درمیان پانچ ٹسٹ مقابلوں کی سیریز کا کل یہاں ناٹنگھم میں پہلا مقابلہ شروع ہورہا ہے اور ایک عرصہ کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ مقابلوں کی سیریز کھیلی جارہی ہے ۔ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہندوستانی ٹیم کیلئے یہ ایک بہترین موقع ہے کہ وہ 42 دنوں پر مشتمل ٹسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کرے جیسا کہ یہ مقابلے ناٹنگھم کے بعد لندن ، ساؤتھمپٹن ، مانچسٹر اور لندن (اوول) میں کھیلے جائیں گے۔ مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم 2011 سے بیرون ملک کوئی ٹسٹ سیریز اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہوئی ہے اور اس دوران اسے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف مسلسل 8 مقابلوں میں اور دو سیریزوں میں ناکامی برداشت کرنی پڑی ۔ علاوہ ازیں 2013-14 میں قومی ٹیم کیلئے بیرون ملک سیریز کا ایک نیا دور شروع ہوا تھا

جہاں اس نے جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے خلاف فی کس دو مقابلوں کی سیریز کھیلی تھی جس میں دو مقابلے ڈرا ہوئے اور دو مقابلوں میں ہندوستان کو شکست برداشت کرنی پڑی ۔ دوسری جانب انگلینڈ کے لئے بھی حالات نشیب و فراز پر مشتمل ہیں جیسا کہ اس نے 2012-13 میں اسے اپنی گھریلو سیریز میں 1-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ اسی سیزن میں اس نے ہندوستان کے خلاف پہلے اپنی گھریلو سیریز میں 0-4 کی کامیابی حاصل کی جس کے بعد ہندوستان کا دورہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو تین ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں 2-1 سے شکست دی اور انگلینڈ کیلئے یہ ریکارڈ کامیابی رہی کیونکہ اس سے قبل انگلش ٹیم نے ہندوستان کو اُسی کی سرزمین پر 1984-85 میں شکست دی تھی ۔

اس شاندار کامیابی کے بعد انگلینڈ کے لئے حالات مشکل ترین ہوتے گئے جیسا کہ اسے اپنے اہم کھلاڑیوں السٹر کک ، اسٹیورٹ براڈ ، جیمس اینڈرسن ، کیون پیٹرسن ، گرائم سوان اور جوناتھن ٹراٹ کے ناقص مظاہرے اور چند کھلاڑیوں کے ٹیم سے باہر چلے جانے کا بھی ٹیم کو شدید ترین نقصان اُٹھانا پڑا ہے ۔ انگلینڈ کی کامیابی میں فاسٹ بولر جیمس اینڈرسن اور اسپنر گرائم سوان کی جوڑی نے غیرمعمولی مظاہرہ کیا تھا جنھیں اسٹیورٹ براڈ ، ٹم بریسنین اور مونٹی پنیسر کی جانب سے شاندار تعاون مل رہا تھا ۔ ہندوستان کے خلاف ریکارڈ کامیابی میں سوان اور پنسیر نے کلیدی رول ادا کیا تھا

لیکن اب کھیلی جانے والی سیریز میں سوان سبکدوشی کی وجہ سے ٹیم میں موجود نہیں ہے جبکہ مونٹی پنسیر کو سلیکٹروں نے موقع نہیں دیا ہے ۔ انگلینڈ کیلئے کپتان کک کا ناقص فارم بھی تشویش کا باعث ہے کیونکہ گزشتہ 8 مقابلوں کی 14 اننگز میں انھوں نے ہندوستان کے خلاف 910 رنز اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا ۔ ہندوستانی ٹیم میں کپتان دھونی ، گوتم گمبھیر اور ایشانت شرما وہ کھلاڑی ہیں جنھیں ماضی میں انگلینڈ میں کھیلنے کا تجربہ حاصل ہے جبکہ نوجوان چٹیشور پجارا ، ویراٹ کوہلی ، شیکھر دھون اور روہت شرما کے لئے یہ پہلا موقع ہے کہ وہ انگلینڈ میں ٹسٹ سیریز کھیلیں گے ۔