نئی دہلی ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اور امریکہ نے آج باہمی تعلقات اور صدر بارک اوباما کی جنوری میں وزیراعظم ہند نریندر مودی سے ملاقات کے دوران کئے ہوئے فیصلوں پر عمل آوری کا جائزہ لیا۔ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر اور امریکہ کے نائب وزیرمملکت برائے سیاسی امور ونڈی شرمن نے کلیدی مسائل بشمول دفاعی مفادات کا جائزہ لیا۔ یہ ہند ۔ امریکہ محکمہ خارجہ مشاورت کا ایک حصہ ہے۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور امریکہ نے 7 سال قدیم تعطل ختم کرتے ہوئے تاریخی سیول نیوکلیئر معاہدہ پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ دونوں ممالک نے دفاعی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے اقدام بشمول ہندوستان میں ترقی یافتہ جیٹ طیاروں کی پیداوار کے 4 پراجکٹس سے بھی اتفاق کیا۔ باہمی تعلقات کا جائزہ ایک ماہ قبل نئے وزیردفاع ایشٹن کارٹر کے دورہ کے موقع پر طئے کیا ہوا اقدام ہے۔ اعلیٰ سطحی امریکی سفارتکاروں نے دہلی میں ناقص ماحولیات کا حوالہ دیتے ہوئے عہد کیا کہ ماحولیات چوٹی کانفرنس پیرس میں دونوں ممالک شراکت دار رہیں گے۔