ہند ۔ افغان تجارت ‘ ایرانی بندرگاہ کی ترقی کیلئے امداد

حیدرآباد ۔ 31؍ اگسٹ (پی ٹی آئی) افغان سفیر برائے ہند شیداء محمد عبدالی نے کہا ہے کہ افغانستان اور دیگر وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کو بہتر بنانے کے مقصد سے ایران میں واقع بندرگاہ چہ بہار کی مزید تعمیر و توسیع کے لئے ہندوستان نے 100 ملین امریکی ڈالر مختص کئے ہیں ۔ عبدالی نے کہا کہ ’ یہ بندرگاہ وسطی ایشیاء کو جنوبی ایشیاء سے مربوط کرتی ہے ۔ چنانچہ ہم نے اس سے اصولی اتفاق کرلیا ہے ۔ مسودہ کا تبادلہ ہوچکا ہے اور بندرگاہ کی مزید تعمیر و ترقی کے لئے ہندوستان پہلے ہی 100 ملین امریکی ڈالر کا وعدہ کر چکا ہے ۔ اور ہم چند قانونی مسائل کی یکسوئی کے لئے تکنیکی کمیٹی کی رپورٹ کا انتظار کر رہے ہیں ‘ ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ افغانستان اپنے راستوں سے ہندوستان کو براہ پاکستان برآمدات کی اجازت دیتا ہے لیکن ہندوستان کو براہ پاکستان اور افغانستان تک درآمدات کی اجازت حاصل نہیں ہے ۔ غالبا یہ پاکستان میں بندرگاہوں سے متعلق مسائل سبب ہوسکتا ہے۔ چنانچہ ہندوستان اور افغانستان میں اشیاء کی درآمد و برآمد کے لئے ایران کے چہ بہار بندرگاہ کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔