اڈیلیڈ (آسٹریلیا)۔ 9 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہند۔ آسٹریلیا پہلے کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن آسٹریلیا نے 4 وکٹس کھوکر 104 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا کو جیت کیلئے 219 رنز درکار ہے۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں 307 رنز بنائے تھے جس میں چیٹیشور پجارہ کے 71 رنز اور نائب کپتان اجنکیا رہانے کے شاندار 70 رنز شامل ہیں۔ اس سے قبل ہندوستان نے 3 وکٹس کے نقصان سے 151 رنز کے آگے کھیلنا شروع کیا تھا۔ پجارا نے 40 رنز اور رہانے نے ایک رن سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے ٹیم کے اسکور کو 234 رنز تک لے گئے۔ دونوں تجربہ کار بلے بازوں کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے 87 رنز کی بہترین پارٹنرشپ دستیاب ہوئی۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے تجارا دوسری اننگز میں بھی سنچری بنانے کی جانب بڑھ رہے تھے کہ آف اسپنر ناتھن لیون نے انہیں ارون فنچ کے ہاتھوں کیچ کردیا۔ پجارا نے 204 گیندوں کا سامنا کیا اور 71 رنز کی اننگز میں 9 چوکے لگائے۔ پجارا کی یہ 20 ویں نصف سنچری تھی۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 123 رنز بنائے۔ پجارا کے آؤٹ ہونے کے بعد رہانے نے ہندوستانی اننگز کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ پجارا کے آؤٹ ہونے کے بعد روہت شرما میدان پر اترے، لیکن انہوں نے مایوس کیا۔ محض ایک رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ ہندوستان کا پانچواں وکٹ 248 رنز کے اسکور پر گرا۔