ہند ۔آسٹریلیائی کھلاڑیوں کی’ تو تو میں میں ‘

ایڈیلیڈ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہاں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے چوتھے دن ہندوستان اور آسٹریلیائی کھلاڑیوں کے درمیان ’تو تو میں میں‘ ایک سے زائد مرتبہ دیکھنے کو ملی ۔ سب سے پہلے آسٹریلیا کی دوسری اننگز کے 34 ویں اوور میں ہندوستانی فاسٹ بولر ورون آرون نے ڈیویڈ وارنر کو 66 رنز پر بولڈ کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار انتہائی جارحانہ انداز میں کیا لیکن کچھ دیر بعد ہی ورون کی یہ گیند نو بال قرار دی گئی اور وارنر کو میدان پر دوبارہ طلب کیا گیا جہاں وہ واپس آتے ہوئے ورون کو اسی جارحانہ انداز میں جواب دیا ۔ ایک گیند ڈالنے کے بعد شکھر دھون اور وارنر کے درمیان سخت الفاظ کا تبادلہ دیکھا گیا جس میں آرون ،وارنر ،شین واٹسن کے ہمراہ دھون کے درمیان گرما گرم بحث بھی دیکھی گئی ۔ ایک گیند بعد جب بحث گرم ہونے لگی تو ایمپائر ایان کولڈ نے مداخلت کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو علحدہ کیا۔ کچھ دیر بعد ویراٹ کوہلی اور وارنر کے درمیان بھی گفتگو ہوتی رہی۔ ایک موقع ایسا بھی رہا جہاں ہندوستانی اسپینر روہت شرما اور حریف بیٹسمین اسٹیون اسمتھ کے درمیان بھی غصہ کا تبادلہ دیکھا گیا ۔ اس موقع پر بھی ویراٹ کوہلی ایمپائر سے تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ ناراضگی کا اظہار بھی کرتے دکھائی دیئے ۔ پہلے ٹسٹ کا حالانکہ صدمہ کے ماحول میں جذباتی انداز کے ساتھ آغاز ہوا تھا اور جب ویراٹ کوہلی کو مچل جانسن لگا تو میدان پر موجود تمام کھلاڑیوں نے ان سے اظہار یگانگت کی تھی لیکن آج میدان پر کھلاڑیوں کے درمیان تو تو میں میں دیکھی گئی ۔