ہند۔ نیوزی لینڈ آج آکلینڈ میں پہلے ٹسٹ کا آغاز

آکلینڈ۔ 5 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ونڈے سیریز میں شرمناک شکست کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کل نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والے پہلے ٹسٹ میں بہتر مظاہرے کے ذریعہ سیریز میں مثبت نتائج کے لئے کوشاں ہوگی۔ ونڈے سیریز میں 0-4 کی شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کو آئی سی سی کی ونڈے درجہ بندی میں پہلا مقام گنوانا پڑا ہے جبکہ ٹسٹ درجہ بندی میں مہمان ٹیم کو اپنے دوسرے مقام کی بقاء کیلئے 2 ٹسٹ مقابلوں کی سیریز میں کم از کم ڈرا کا نتیجہ حاصل کرنا ہوگا۔ ٹسٹ سیریز کے آغاز سے قبل ہندوستانی ٹیم نے دو روزہ ٹور مقابلے میں شرکت کی ہے جس میں روہت شرما اور اجنکیا رہانے نے نصف سنچریاں اسکور کی جبکہ امباٹی رائیڈو نے بھی متاثرکن مظاہرہ کیا ہے، اس کے برعکس اوپنرس کی جوڑی شکھر دھون اور مرلی وجے بہتر آغاز کے باوجود بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ بولنگ شعبہ میں نوجوان فاسٹ بولر ایشور پانڈے نے 3 وکٹوں کے حصول کے ذریعہ توجہ حاصل کرلی ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف 0-1 کی شکست برداشت کرنے والی ٹیم میں پرگیان اوجھا کے مقام پر شامل کئے جانے والے ایشور پانڈے کو موقع دیا جاسکتا ہے۔ بولنگ شعبے کی قیادت پھر ایک مرتبہ ظہیر خاں کریں گے جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی واپسی کی سیریز میں بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ اسپن شعبہ میں روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کی شمولیت یقینی دکھائی دیتی ہے۔ جبکہ بیٹنگ شعبہ میں سچن تنڈولکر کے بعد ہندوستانی ٹیم کا مکمل انحصار ویراٹ کوہلی پر ہوچکا ہے

جبکہ جنوبی افریقہ کے خلاف کپتان مہندر سنگھ دھونی نے رنز بنائے تھے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف روہت شرما بہتر آغاز کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کرپائے ہیں لیکن نیوزی لینڈ کے خلاف ونڈے سیریز اور ٹور مقابلے میں اسکور کی جانے والی نصف سنچریوں نے ان کے اعتماد کو بحال کیا ہے۔ دھون کا ناقص فام تشویش کا باعث ہے کیونکہ جنوبی افریقی بولروں نے انہیں اُچھال لیتی گیندوں سے کافی پریشان کیا ہے جس کی وجہ سے وہ 2 ٹسٹ مقابلوں کی 4 اننگز میں صرف 13، 15، 29 اور 19 رنز ہی اسکور کرپائے ہیں۔ نیوزی لینڈ میں بھی ہندوستانی بیٹسمنوں کو اچھال لیتی گیندوں کے خلاف سخت امتحان درپیش رہے گا۔ ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی، نیل ویاگنر اور آل راؤنڈر کورے اینڈرسن کے علاوہ ہندوستانی نژاد ایش سودھی کی قطعی 11 کھلاڑیوں میں شرکت یقینی ہے جوکہ ایک سخت بولنگ شعبہ تصور کیا جارہا ہے۔ بیٹنگ شعبہ میں اِن فام راس ٹیلر اور کین ولیمسن پھر ایک مرتبہ نیوزی لینڈ ٹیم کے لئے کلیدی کھلاڑی ہوں گے۔ مقابلے کا آغاز ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 3:30 بجے ہوگا۔