ہند۔پاک کرکٹ تعلقات متاثر ہونے کا امکان: شہریار

کراچی20 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنمنٹ میں ہند۔پاک مقابلے کے دوران ہوئے تنازعہ سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات متاثر ہوسکتے ہیں۔شہریار خان نے مزید کہا ہے کہ ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں کھلاڑیوں کی جانب سے اپنایا گیا رویہ نامناسب تھا اس کے کرکٹ مقابلوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ تاہم مشکل ترین حالات کے باوجود پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی برقرار رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں سیمی فائنل میں ہندوستان کو ہراکر پاکستانی ٹیم نے جیت کا جشن منایا تاہم میزبان ہاکی ٹیم اور ان کا میڈیا نے اچھا سلوک نہیں کیا اور مہمان ٹیم کیخلاف منفی ردعمل دیکھنے کو ملا۔ پی سی بی کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار رہتے ہیں اور اب انڈیا ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے ساتھ ناروا سلوک سے منفی اثر پڑا پڑرہا لیکن کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات تاحال بہتر ہیں۔ شہریار خان نے مزید کہا کہ ہم ہندوستانی کرکٹ بورڈ سے خوشگوار تعلقات برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ کوشش ہے کہ متحدہ عرب امارات میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم آئندہ سال سیریز کیلئے تیار ہوجائے گی۔