ہند۔پاک سیریز کے لئے تمام اجلاس ناکام

لندن ۔4جولائی(سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان اور ہندوستان کے کرکٹ حکام کے درمیان دو طرفہ سیریز پر پر موجود برف آئی سی سی حکام کی موجودگی میں بھی پگھل نہ سکی جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے قانونی چارہ جوئی کے مقدمہ میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے اور مقدمہ ایک ماہ کے دوران باضابطہ طور پر آئی سی سی کے تنازعات حل کرنے والی کمیٹی کے سپرد کردیا گیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ سیریز نہ ہونے سے اسے447 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ بی سی سی آئی اس نقصان کی تلافی کرے۔باوثوق ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور ہندوستانی حکام کے درمیان گذشتہ ماہ تین مختلف اجلاس بے نتیجہ ثابت ہوئے۔ برمنگھم اجلاس ہند۔پاک میچ کے موقع پر ہوا۔ دوسرے اجلاس میں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے شرکت کی۔ جبکہ آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے دوران آئی سی سی کے صدر ششانک منوہر اور چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن بھی موجود تھے لیکن ہندوستانی حکام اپنے موقف پر قائم رہے کہ حکومت کی اجازت کے بغیر ہم پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سیریز نہیں کھیل سکتے اس لئے پاکستان کے نقصان کے ازالہ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بی سی سی آئی کو جو نوٹس بھیجا ہے اس کا اگرچہ بی سی سی آئی نے باضابطہ جواب نہیں دیا تھا لیکن بعد میں انہوں نے دبائو میں اجلاس منعقد کیاتھا۔ بی سی سی آئی نے اس نوٹس کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ بی سی سی آئی نے پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا باضابطہ معاہدہ نہیں کیا تھا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بموجب یہ باقاعدہ معاہدہ ہے جس کا علم آئی سی سی کو بھی ہے۔ ہندوستان کی جانب سے 2014 کی مفاہمت کی یادداشت پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے نومبر 2015 میں پاکستان میں طے شدہ سیریز متاثر ہو چکی ہے جبکہ اس سال نومبر میں ہندوستان میں ہونے والی سیریز کا بھی کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس نومبر میں وقت ابھی تک خالی ہے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ تیس دن میں پاکستان کرکٹ بورڈ اپنا مقدمہ تیار کرے گا۔ جس کے بعد غیر جانبدار جج کی صدارت میں آئی سی سی تنازعہ کے حل کے لئے کمیٹی تشکیل دے گی۔ کمیٹی میں دونوں ملکوں کے بورڈز کے ایک ایک قانونی مشیر شریک ہوں گے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی میں بگ تھری کی تشکیل کے بعد آسٹریلیا، ہندوستان اور انگلینڈ نے دیگر ممالک کی حمایت حاصل کرنے کے لئے ان سے مختلف اوقات میں سیریز کھیلنے کی پیشکشیں کی تھیں۔ پاکستان بگ تھری کی حمایت کرنے والا سب سے آخری ملک تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے آخری مرتبہ 2008 میں ایشیا کپ کھیلنے کے لئے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔2012-13 میں پاکستانی ٹیم نے دوٹی ٹوئنٹی اور تین ونڈے کی سیریز کے لئے ہندوستان کا مختصر دورہ کیا تھا۔