کولکتہ۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن نے بھی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان باہمی سیریز کو ایک الجھا ہوا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب کی خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کھیلی جائے لیکن اس کیلئے ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے۔ آئی سی سی اجلاس کے خاتمے پر اپنی پریس کانفرنس کے دوران ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ ایک عام تاثر یہی ہے کہ اگر پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں باہمی کرکٹ کھیلیں تو یہ ایک اچھی بات ہو گی،خاص طور پر انہیں آپس میں سیریز کھیلنے پر آمادہ ہونا چاہئے لیکن انہیں یہ دیکھ کر بھی خوف ہوتا ہے کہ یہ معاملہ کافی حد تک الجھن کا شکار ہے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو کے مطابق دونوں ممالک جب تک رضامند نہیں ہوجاتے اس معاملے کے حل ہونے کا امکان کوئی نہیں ہے۔ واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری امیتابھ چوہدری کا دعویٰ ہے کہ جس خط کو معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے وہ محض باہمی رضامندی یا آمادگی تھی اور پی سی بی پر اس حوالے سے کافی دباؤ بھی ہے لیکن 9 اپریل 2014کو اس وقت کے بورڈ سیکریٹری سنجے پٹیل کی جانب سے نجم سیٹھی کو لکھا گیا خط محض اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں باہمی میچز کھیلیں گی۔ آئی سی سی کی 2014 میں ہوئے سالانہ اجلاس میں قرارداد منظور نہ ہونے کے سبب اس خط کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔